ملت فنڈ کی جانب سے 14مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد : جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ کو پولیس اسٹیشن افضل گنج کا مراسلہ وصول ہوا جس میں 3مسلم نعشوں کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے مزید 11 مسلم نعشوں کی تدفین کی درخواستیں وصول ہوئیں، اس طرح جملہ 14مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ سے حاصل کر کے سکندرآباد قبرستان میں اُن کی تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ دواخانہ عثمانیہ ہی میں بعد نماز فجر مولانا سید خواجہ معین الدین اشرفی جیلانی خلیفہ حضرت علامہ مدنی میاں اشرفی جیلانی نے پڑھائی جبکہ غسل کے فرائض ڈاکٹر محمد تقی الدین ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی نگرانی میں انجام دیئے گئے ۔ نماز جنازہ کے بعد دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا گیا کہ بلاشبہ موت ایک بہترین نعمت ہے جو اپنے رب سے ملنے کا واحد ذریعہ ہے ۔ آپ حضرات اپنے خاندان کو اس فانی دنیا سے چھوڑ کر چلے گئے ، کون کہاں ہے اللہ پاک بہتر جانتے ہیں لیکن آپ حضرات سے گذارش ہے کہ جب قبر میں آپ ؐ کا دیدار ہو تو اُمت کی طرف سے آپؐ کی خدمت میں سلام عرض کرنا ۔ سکندرآباد کی رہنے والی خاتون بشری تبسم نے کہا کہ شہر میں کرفیو اور وباء پھیلی ہوئی ہے ۔ ادارہ سیاست، جناب زاہد علی خان صاحب کی سرپرستی میں جو خدمت انجام دے رہا ہے اللہ پاک اس کو قبول فرمائے اور آپ کی محنت کے ساتھ حیات میں اضافہ فرمائے ۔ سید عبدالمنان ، محمد عبدالجلیل ، صوفیہ خان اور محمد محسن خان نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کیلئے دعا کی کہ اللہ پاک ان کو دنیا اور آخرت دونوں میں اجر عظیم عطا فرمائے ( آمین ) ۔