کتاب ماقل و دَلَّ کی رسم اجراء ، جناب عامر علی خاں، مفتی صادق محی الدین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔19مارچ(سیاست نیوز) دورو د شریف کے ورد کی اہمیت اورافادیت کا حوالہ دیتے ہوئے نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خان نے کہاکہ علامہ اقبال سے جب ا ن کی شاعری اور تحریر کے متعلق پوچھا گیاتو انہوں نے کہاتھاکہ وہ اپنے کسی بھی کلام کو لکھنے یا مضمون تحریرکرنے سے قبل ایک ہزار مرتبہ یا پھر اپنی ساری زندگی میں ایک کروڑ مرتبہ دوردو شریف کا ورد کرنے کا عزم کیا تھا۔جناب عامر علی خان نے کہاکہ درود وشریف کے ورد کے عزم نے علامہ اقبال کو شہرت کی بلندیو ں پرپہنچادیا۔ فیڈریشن ہاوز میں ڈاکٹر قمر حسین انصاری کے روزنامہ سیاست میںشائع ہونے والے مضامین پر مشتمل مجموعہ ’’ ماقَلَّ ودَلَّ ‘‘کی رسم اجرائی تقریب سے خطاب کے دوران نیوز ایڈیٹر سیاست نے کہاکہ کوویڈ کے وقت کے دوران ان مضامین کو تحریر کرنے کاخیال ڈاکٹر قمر حسین انصاری کو آیا اور انہوں نے مسلمانوں میں اصلاح معاشرہ کے عنوانات کے تحت ان مضامین کو تحریر کیا جو قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہاکہ ملت کی ترقی وترویج کے لئے قوم کے بزرگوں اور تجربہ کار اصحاب سے استفادہ اٹھانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی قرآن شریف میں مال او راولاد کو آزمائش بتائے ہیں مگر خوش نصیب ہیں وہ لوگ جن کی اولادیں نیک او رصالح او رفرمانبردار ہیں ۔ ایسے ہی خوش نصیب لوگوں میںڈاکٹر قمر حسین انصاری کا بھی شمار ہوتا ہے۔انہوں ڈاکٹر قمر حسین انصاری سے مخاطب ہوکر کہاکہ ’’آپ کی اولاد آپ کے لئے ایک بہترین اثاثہ ہیں‘ ‘۔ ڈاکٹر صاحب کی تصنیف ’’ ماقَلَّ ودَلَّ ‘‘پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے جناب عامر علی خان نے اس کتاب کی اشاعت میں ساتھ دینے والی ڈاکٹر صاحب کی اہلیہ او ران کے فرزندان کو بھی مبارکباد پیش کی۔ مفتی صادق محی الدین فہیم نے ڈاکٹر قمر حسین انصاری کے خدمات اور تحریروں کی ستائش کی اور انہیں اپنے مضامین کو کتابی شکل دینے پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر صاحب کے مضامین میں خدمت خلق کا عنصر جابجا ملتا ہے ۔ انہوں نے ڈاکٹر صاحب کے حالیہ مضمون’’جنریشن گیاپ‘‘ کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا اور کہاکہ بہت سارے خاندان ان مسائل کاشکار ہورہے ہیں اور ڈاکٹر صاحب کے اس مضمون میں بڑی رہبری او ررہنمائی ہے۔ مولانا اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر قمر حسین انصاری نے اخبار سیاست میں ان کے مضامین کی اشاعت پر مدیر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان‘ نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان او ربیورو چیف جناب محمد رشیدالدین کے گرانقدر تعاون پر اظہار تشکر پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ مضامین کو تحریر کرنے کی سونچ کو حوصلہ انہیں گھر والوں سے ملا۔ ڈاکٹر صاحب نے اپنی اہلیہ کے تعاون کا بھی اس موقع پر تذکرہ کیا اور مضامین کے عنوانات میںاشعار کے تعین کے لئے اہلیہ کے تعاون کا ذکر کیا۔ صوفی سلطان شطاری قادری کے دعائیہ کلمات پر تقریب کااختتام عمل میںآیا۔قرآت کلام پاک او رنعت شریف کے بعد کتاب کی رسم اجرائی عمل میں آئی او رتقریب کی کاروائی ڈاکٹر سید صدیق حسین نے چلائی ۔ جبکہ شہر کی سرکردہ شخصیات بشمول خواتین کی کثیرتعداد تقریب رسم اجراء میں شریک تھی۔