نئی دہلی ۔ 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کے ملک کے ایک بڑے ادویہ ساز کمپنی رینبیکسی کے سابق پروموٹر برادران ملویندر اور شویندر سنگھ کو جاپانی کمپنی دائچی سانکیو کیس میں خاطی قرار دیا ہے۔ دوا بنانے والی دائچی سانکیو نے 3500 کروڑ روپئے کی عدم ادائیگی پر سنگھ برادران کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ سنگھ برادران نے فورٹیس ہیلت کیر میں اپنے شیئر فروخت کرکے عدالتی احکام کی خلاف ورزی کی ہے۔ سنگاپور کی ٹریبونل نے 2016ء میں سنگھ برادران کو کہا تھا کہ وہ جاپانی کمپنی دائچی کو 3500 کروڑ روپئے ادا کرے جس کے بعد دائچی نے سپریم کورٹ سے اپیل کی تھی کہ وہ سنگھ برادران سے مذکورہ ٹریبونل کے احکام پر عمل کرائے۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس دیپک گپتا کی بنچ نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ رینبیکسی کے سابق پروموٹر نے عدالت کی تحقیر کی ہے۔