ملٹری آپریشن کے نام پر12 شہریوں کی ہلاکت

   

نئی دہلی : ملک کی فوج نے ریاست چھتیس گڑھ میں باغیوں کے خلاف نام نہاد ملٹری آپریشن کی آڑ میں 12 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ میڈیا کے مطابق سیکوریٹی فورسز نے ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بے جا پور کے علاقوں میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔
فوج کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن مائو ازم کے حامی باغی جنگجوئوں کے خلاف کیا گیا، جس میں 12 مسلح افراد مقابلے میں مارے گئے۔دوسری جانب عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ میں مرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں جبکہ مارے گئے تمام افراد مقامی رہائشی تھے۔تاحال فوج مارے گئے افراد سے اسلحہ یا کسی قسم کا ممنوع سامان برآمد کرنے کے دعوے کو ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔چند ماہ قبل ایسے ہی ایک ملٹری آپریشن میں بھی فوج کی فائرنگ میں خواتین اور بچے ہلاک ہوگئے تھے جبکہ26 جنگجوئوں کے ہتھیار پھینک کر گرفتاری دینے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ریاستوں چھتیس گڑھ، آندھرا پردیش، پنجاب، میزو رام اور منی پور سمیت متعدد ریاستوں میں علیحدگی کی تحریکیں روز بروز مضبوط ہوتی جا رہی ہیں۔