ملکاجگیری کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات : ریونت ریڈی

,

   

ٹی آر ایس نے علاقہ کو نظر انداز کردیا، صدر کانگریس راہول گاندھی کی اسکیم کا خیرمقدم
حیدرآباد ۔ 26۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹ اور حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری سے کانگریس امیدوار ریونت ریڈی نے عوام کو یقینی دلایا کہ کامیابی کے بعد وہ علاقہ کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکاجگیری میں عوام کئی مسائل کا شکار ہیں اور وہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے ترجیحی بنیادوں پر انہیں حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس میں ملکاجگیری اور اس کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس امیدوار راج شیکھر کو عوامی خدمات کا کوئی تجربہ نہیں ہے اور وہ صرف تجارت اور تعلیمی ادارے چلانا جانتے ہیں۔ ٹی آر ایس کی کامیابی کی صورت میں تجارتی گھرانوں کا فائدہ ہوگا اور عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ فیصلہ کریں کہ انہیں بزنس مین چاہئے یا خدمت گزار۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی امیدوار رام چندر راؤ ایم ایل سی ہیں۔ وہ کونسل کے ذریعہ عوامی مسائل کی یکسوئی کرسکتے ہیں۔ انہیں ایم پی منتخب ہونے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ریونت نے کنٹونمنٹ علاقہ میں سکریٹریٹ کی تعمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر گزشتہ پانچ برسوں سے یہ اعلان کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کا مطالبہ عوام یا پھر کس پارٹی سے کیا گیا ہے، متحدہ آندھراپردیش میں 23 اضلاع کیلئے موجودہ سکریٹریٹ کی عمارت کافی تھی لیکن تلنگانہ کے 10 اضلاع کیلئے ان عمارتوں کو ناکافی قراردینا مضحکہ خیز ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں کے سی آر اور ملا ریڈی نے ملکاجگیری سے متعلق ایک مسئلہ کی بھی یکسوئی نہیں کی ۔ حلقہ میں سڑکوں کی تعمیر اور بنیادی انفراسٹرکچر پر ٹی آر ایس نے توجہ نہیں دی جس کے نتیجہ میں عوام مایوس ہوچکے ہیں۔ گزشتہ پانچ برسوں میں کے سی آر کے پاس 16 ارکان پارلیمنٹ تھے لیکن انہوں نے تلنگانہ کیلئے مرکز سے کچھ حاصل نہیں کیا اور اب دوبارہ 16 ارکان پارلیمنٹ کو کامیاب بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹی آر ایس کے 16 ارکان منتخب ہوجائیں ، تب بھی تلنگانہ کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی ملک میں غربت کے خاتمہ کیلئے منفرد اسکیم کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ کانگریس وہ واحد پا رٹی ہے جو غریبوں کی بھلائی میں سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے راہول گاندھی کی اعلان کردہ اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم کا خیرمقدم کیا۔