کابینہ میں شمولیت سے دلچسپی کا اظہار، ریاست کی سیاسی صورتحال پر بات چیت
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ میں جاریہ ماہ توسیع کی قیاس آرائیوں کے دوران اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے آج نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی۔ پرساد کمار نے ملکارجن کھرگے سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور کابینہ میں توسیع کے موقع پر دلت طبقہ کی نمائندگی پر بات چیت کی۔ پرساد کمار دہلی میں کامن ویلتھ پارلیمنٹری اسوسی ایشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے دارالحکومت میں موجود ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پرساد کمار نے ملکارجن کھرگے کو کابینہ میں شمولیت سے اپنی دلچسپی سے واقف کرایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ طویل سیاسی تجربہ کے تحت ریاستی وزیر کی حیثیت سے مؤثر خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ آئندہ دو برسوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس پارٹی کو دلت طبقہ کی تائید کے حصول میں پرساد کمار اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اُنھوں نے ملکارجن کھرگے کو حکومت کی کارکردگی اور بعض گوشوں کی جانب سے ناراض سرگرمیوں سے بھی واقف کرایا۔ کابینہ میں شمولیت کے خواہشمند کئی ارکان اسمبلی نئی دہلی کا رُخ کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے بھی کابینہ میں شمولیت کیلئے ہائی کمان سے بات چیت کی ہے۔ تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن کو اُنھوں نے کابینہ میں شمولیت سے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی، سدرشن ریڈی، مال ریڈی رنگاریڈی، پریم ساگر راؤ، بالو نائک اور دیگر ارکان اسمبلی بھی وزارت کی دوڑ میں شامل ہیں۔V/1/k/b