ملکارجن کھرگے کو ریونت ریڈی کی مبارکباد

   

پارٹی تیزی سے مستحکم ہوگی، عوام کی توقعات پر کھری اترے گی

حیدرآباد۔ 19 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے اے آئی سی سی صدر کی حیثیت سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر ملکارجن کھرگے کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کھرگے کی قیادت میں کانگریس پارٹی تیزی سے مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے صدارتی انتخابات ملک بھر میں جمہوری انداز میں منعقد ہوئے جس میں پارٹی کے بیشتر رائے دہندوں نے پارٹی کے سینئر قائد ملکارجن کھرگے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اے ریونت ریڈی نے ملکارجن کھرگے کو ایک سینئر اور تجربہ کار قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک لمبے عرصہ تک وہ اسمبلی پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ ریاستی و مرکزی وزارتوں کے علاوہ کانگریس پارٹی کے بیشتر تنظیمی عہدوں پر خدمات انجام دینے کا انہیں تجربہ ہے۔ ملک کے تمام ریاستوں کی حالت اور وہاں کے مسائل سے وہ اچھی طرح واقف ہیں۔ ساتھ ہی پارٹی کے تمام قائدین سے ان کے اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ پارٹی میں جہاں سینئر قائدین کا احترام کیا وہیں جونیر قائدین کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ لہذا وہ امید کرتے ہیں کانگریس پارٹی ملکارجن کھرگے کی قیادت میں بڑی تیزی سے مستحکم ہوگی۔ سابق صدر سونیا گاندھی کے نقش و قدم پر کام کرتے ہوئے عوام کی توقعات کو پورا کرے گی۔ ن

مودی۔ شاہ کے اسکرپٹ پر کے سی آر عمل پیرا ، منوگوڑ میں مغربی بنگال جیسی کشیدہ صورتحال
بی جے پی کے لیے سنٹرل فورسیس ٹی آر ایس کے لیے اسٹیٹ پولیس کام کرے گی ، عوام سے چوکا رہنے ریونت ریڈی کی اپیل
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں مغربی بنگال کے طرز کا ماحول تیار کرنے کا ٹی آر ایس اور بی جے پی پر الزام عائد کیا ۔ بیالٹ میں دوسرے نمبر پر ٹی آر ایس کو رکھنے پر سخت اعتراض کیا ۔ وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے تیار کردہ اسکرپٹ پر چیف منسٹر عمل کرنے کا دعویٰ کیا ۔ بی جے پی کے لیے مرکزی فورسیس اور ٹی آر ایس کے لیے ریاستی پولیس کا بیجا استعمال کرنے کے خدشات کا اظہار کیا ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک منظم منصوبہ بندی کے ذریعہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں کشیدگی پیدا کرتے ہوئے مغربی بنگال جیسی صورتحال پیدا کررہی ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ایک ہفتہ تک دہلی میں قیام کرتے ہوئے مودی اور امیت شاہ سے خفیہ طور پر ہدایتیں حاصل کرتے ہوئے منوگوڑ کی انتخابی مہم میں زور آمائی کرنے کی تیاری کرنے اور گاڑیوں کے بڑے قافلے میں پہونچنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے ڈر و خوف کا ماحول پیدا کرنا پلاننگ کا حصہ ہونے کا دعویٰ کیا ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے ہنگامہ آرائی کرنے پر مرکزی وزیر امیت شاہ بڑے پیمانے پر سنٹرل فورسیس کو روانہ کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ انہیں باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ سنٹرل فورسیس ٹی آر ایس قائدین پر حملے کرے گی اور ریاستی پولیس بی جے پی کے قائدین پر حملے کرے گی ۔ جس کے بعد حلقہ اسمبلی منوگوڑ میں کشیدگی پیدا ہوگی ۔ اس منظم سازش کے تحت دونوں جماعتیں اپنے اپنے لیے ماحول کو سازگار بنانے کی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں ۔ سیاسی حکمت ساز پرشانت کشور کے مشورے پر مغربی بنگال میں اس پالیسی پر عمل کیا گیا جس سے ممتا بنرجی کو اقتدار حاصل ہوگیا اور بی جے پی اصل اپوزیشن کا موقف حاصل کرلیا ۔ اسی فلسفہ پر تلنگانہ میں عمل کرنے کے لیے اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب کو تجربہ گاہ میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ اس سازش سے عوام بالخصوص کانگریس کارکنوں کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ ریونت ریڈی نے بیالٹ پیپر میں چوتھے نمبر پر رہنے والی ٹی آر ایس کو دوسرے نمبر پر کیسے رکھتے الیکشن کمیشن سے استفسار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے قومی جماعتوں کو اس کے بعد علاقائی جماعتوں کو بیالٹ باکس یا بیالٹ پیپر میں جگہ دی جاتی ہے ۔ ٹی آر ایس کو ابھی تک قومی پارٹی کا درجہ نہیں ملا ہے ۔ کے پربھاکر ریڈی نے بحیثیت ٹی آر ایس امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ اس لیے الیکشن کمیشن کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے پر زور دیا ۔۔ ن