ملکھاسنگھ کے انتقال‘ پنجاب میں ایک روزہ ریاستی سوگ

   

چنڈی گڑھ۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امرندرسنگھ نے عظیم ایتھلیٹ ملکھاسنگھ کے انتقال پر اظہارغم کیا ہے ۔ انہوں نے ہفتہ کو ایک روزہ ریاستی سوگ کا اعلان کیا۔ ملکھا سنگھ نے کل شب پی جی آئی میں کووڈ سے متاثر ہوکر آخری سانس لی۔ جن کی تمام سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات انجام دی گئیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔ ان کا بیٹا جیوملکھاسنگھ مشہورگولفرہیں۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا، ملک کے اعلیٰ ایتھلیٹ جنہوں نے ہندوستان کیلئے ایشیائی اوردولت مشترکہ کھیلوں میں متعدد طلائی تمغے جیت کر ملک اورپنجاب کا نام روشن کیا، کے چلے جانے سے مجھے ذاتی طورپر بہت دکھ ہوا ہے ۔ پنجاب کواپنے اس عظیم ایتھلیٹ پر ہمیشہ فخررہے گا۔ فلائنگ سکھ کے نام سے مشہور ملکھاسنگھ اولمپک فائنل میں پہنچنے اوردولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈمیڈل جیتنے والے ملک کے پہلے ایتھلیٹ تھے ۔ وہ سوکروڑ سے زیادہ آبادی والے ملک ہندوستان کے آئیکون کھلاڑی تھے ۔ انہوں نے 1960 کے روم اولمپک کھیل کی 400 میٹر دوڑ میں چوتھا مقام حاصل کیا۔ انہوں نے 1958 کی کارڈف دولت مشترکہ کھیل میں گولڈ میڈل جیتنے کے علاوہ 1958 کے ٹوکیو ایشیائی کھیل اور1962 کی جکارتہ ایشیائی کھیل میں دو۔دو گولڈ میڈل جیتے ۔ ملکھا سنگھ نے ہندوستان کی طرف سے تین اولمپکس (1956 ملبورن، 1960 روم اور 1964 ٹوکیو) میں حصہ لیا۔