نئی دہلی : کورونا وائرس کے خلاف ہندوستان میں ٹیکہ کاری مہم کا اگلا مرحلہ 21 جون سے شروع ہورہا ہے۔ اس کے تحت مرکزی حکومت 18 سال سے زیادہ عمر والوں کیلئے مفت میں ویکسین مہیا کرائے گی۔ وزیر اعظم مودی نے7 جون کو اعلان کیا تھا کہ ریاستوں کو ٹیکہ ساز کمپنیوں سے ویکسین کی خریداری نہیں کرنی ہوگی۔ مرکزی حکومت 75 فیصد ویکسین کی خریداری کرے گی اور اس کو ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کو مفت میں تقسیم کرے گی۔ ہندوستان میں پہلی ٹیکہ کاری مہم 16 جنوری سے 30 اپریل تک چلی تھی۔ پہلے مرحلہ میں فرنٹ لائن ورکرس اور 45 سال سے زیادہ عمر والوں کو ترجیح دی گئی۔اس کے بعد یکم؍ مئی سے مرکز نے آزادانہ پالیسی کو لاگو کیا ، جس کے تحت مرکزی حکومت نے ٹیکہ ساز کمپنیوں سے 50 فیصد ویکسین کی خریداری کی جبکہ باقیماندہ 50 فیصد کی خریداری ریاستوں اور پرائیویٹ ہاسپٹلس نے براہ راست ٹیکہ ساز کمپنیوں سے کی۔ ویکسین خریدنے کی پالیسی میں تبدیلی کو لیکر وزارت صحت نے کہا کہ کافی ریاستوں نے اب تک کہا ہیکہ انہیں رقم اکٹھا کرنے ، ویکسین کی خرید اور اس کے آپریشن میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مرکز کے اس فیصلہ سے ویکسین کی ڈوز کو اب ریاستیں 18 سال سے زیادہ عمر کے سبھی لوگوں کو مفت میں دیں گی۔