ملک میں سی اے اے لاگو کرنے کے بیان پر زبان پھسل گئی تھی

   

مرکزی وزیرشانتنو ٹھاکرکی وضاحت
کولکاتہ : مرکزی وزیرشانتنو ٹھاکر نے چند دن قبل دعویٰ کیا تھا اندورن ہفتہ ملک بھر میں سی اے اے کو نافذ کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ 29 جنوری کو کیا گیا ان کا دعویٰ زبان کا پھسلنا تھا۔ کولکاتہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مغربی بنگال سے بی جے پی کے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ اور بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر مملکت شانتنو ٹھاکر کے حالیہ بیان نے کافی ہلچل مچا دی تھی۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ایک ہفتے کے اندر ملک بھر میں سی اے اے نافذ کر دیا جائے گا۔ حالانکہ اب مرکزی وزیر نے اپنے بیان کی وضاحت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل میں یہ کہنا چاہتا تھا کہ سی اے اے کیلئے قوانین کی تشکیل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ عمل درآمد کی بات زبان سے پھسل گئی تھی۔ شانتنو ٹھاکر کی جانب سے 29 جنوری کو سی اے اے کو لاگو کرنے کا دعویٰ کرنے کے فوراً بعد ممتا بنرجی نے ان کے خلاف کڑا رخ اختیار کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی ہمیشہ کسی بھی الیکشن سے پہلے مذہبی جذبات بھڑکانے کے لیے سی اے اے کا مسئلہ اٹھا دیتی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ یہ انتخابات سے پہلے مذہبی جذبات کو بھڑکانے کی ایک دانستہ سیاسی کوشش ہے۔ جب ہر کوئی شہری ہے تو سی اے اے کے معاملے کو اتنی اہمیت دینے کا کیا مطلب ہے؟ دوسری طرف چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے کہا کہ ٹاملناڈو میں سی اے اے کو ہر گز لاگو ہونے نہیں دیں گے ۔ اسی طرح کئی دیگر قائدین نے بھی ان کے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی ۔