ملک میں شدید گرمی کی لہرکئی شہروں میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچ گیا

   

نئی دہلی: مئی کے پہلے ہفتہ میں ہی گرمی اپنے عروج پر پہنچ رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اتوار کا دن انتہائی گرم رہا اور ملک بھر میں لوگوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تلنگانہ، رائلسیما، ودربھ، شمالی کرناٹک اور شمالی مدھیہ پردیش کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 44تا45 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ مراٹھواڑہ، جنوب مشرقی اتر پردیش، شمال مشرقی مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، شمالی اوڈیشہ، گنگائی مغربی بنگال، جھارکھنڈ، ٹاملناڈو اور ساحلی آندھرا پردیش کے کچھ حصوں میں بھی اسی طرح کی گرمی کی صورتحال رہی۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42تا44 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا اور درجہ حرارت کے یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ملک میں گرمی اب شدید سطح پر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گنگائی مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت معمول سے 4تا7 ڈگری زیادہ تھا۔ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے انسانی صحت اور زرعی فصلوں کی پیداواری صلاحیت دونوں پر اس کے مضر اثرات ہونے کی توقع ہے۔