ملک میں فرقہ وارانہ واقعات میں شرپسندوں کو کھلی چھوٹ یونائٹیڈ مسلم فورم کا اظہار تشویش

   

حیدرآباد ۔4۔ اگست (سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے ملک میں فرقہ وارانہ واقعات میں اضافہ اور شرپسندوں کو کھلی چھوٹ پر تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے تمام ابنائے وطن سے بلا لحاظ مذہب و ملت ، قومی یکجہتی اور امن کی برقراری کے علاوہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے میں تعاون کی اپیل کی۔ فورم کے ذمہ داران مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم (صدر) ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی ، مولانا میر قطب الدین علی چشتی ، جناب ضیاء الدین نیر ، جناب سید منیر الدین احمد مختار (جنرل سکریٹری) ، مولانا سید ظہیرالدین علی صوفی ، مولانا محمد شفیق عالم خاں جامعی، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی اور دوسروں نے ہریانہ کے واقعات اور چلتی ٹرین میں ریلوے پولیس کی فائرنگ میں شہید تین مسلمانوں کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ قائدین کا کہنا ہے کہ یہ واقعات بی جے پی اورآر ایس ایس کے نفرتی ایجنڈہ کا اثر ہے۔ ان واقعات کے ذریعہ ملک کے عوام کو درپیش حقیقی مسائل کو پس پشت ڈالتے ہوئے تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہریانہ حکومت نے گزشتہ فروری راجستھان سے تعلق رکھنے والے دو مسلم نوجوان جنید اور ناصر کو زندہ جلانے کے ذمہ دار دہشت گرد کو پناہ دی ہے۔ راجستھان کی سیکولر حکومت دہشت گرد کو گرفتار نہ کرسکی۔ ہریانہ کے واقعات کو روکنے میں پولیس ناکام ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر ہریانہ نے مسجد کی شہادت اور نائب امام کے قتل کی مذمت تک نہیں کی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔
حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے شہید سیف الدین کے افراد خاندان کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے مدد دی جائے۔ فورم کے ذمہ داروں نے تمام سیکولر طاقتوں کو متحد ہونے کی دعوت دی ہے۔