ملک میں مخالف مودی محاذ سرگرم ،ڈکٹیٹرشپ ختم کرنے مہم

,

   

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے خلاف تلگودیشم کا اعلان جنگ ، چندرا بابو نائیڈوکا خطاب

حیدرآباد /18 جنوری( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ملک میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ڈکٹیٹرشپ چل رہی ہے ۔ بی جے پی کی شکل میں ملک کو ایک بدترین دور سے گذرنا پڑ رہا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی میں آمریت پسندانہ مزاج پایا جاتا ہے اس لئے یہ ملک بے سمتی کا شکار ہو رہا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ عام انتخابات میں بی جے پی کے خلاف تلگودیشم کی نہ صرف جنگ چھڑ گئی بلکہ اس پارٹی کا صفایا کرنے کیلئے تلگودیشم کے ارکان سرگرم ہوگئے ہیں انہوں نے تلگودیشم کے کیڈر کو ہدایت دی کہ وہ لوک سبھا انتخابات کی مضبوطی سے تیاری کریں کیونکہ یہ انتخابات 100 دن کے اندر ہونے والے ہیں ۔ تلگودیشم کارکنوں سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی ملک میں مخالف مودی اتحاد کو مضبوط کرنے سرگرم ہوگئی ہے ۔ تلگودیشم کے بانی صدر این ٹی راما راؤ کی 23 ویں برسی کے موقع پر نائیڈو نے کہا کہ این ٹی آر نے انہیں ڈکٹیٹرشپ اور آمریت پسندی کا مقابلہ کرنے کا درس دیا ہے ۔ اب ہمیں بی جے پی کی شکل میں ڈکٹیٹرشپ کا سامنا ہے ۔ نریندر مودی میں آمریت پسندی پائی جاتی ہے اس لئے ہم نے ان کے خلاف دھرما پوراٹم شروع کیا ہے ۔ مخالف بی جے پی پارٹیوں کا حوالہ دیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ کولکتہ میں ہفتہ کے دن بی جے پی کے خلاف زبردست ریالی نکالی جارہی ہے ۔چیف منسٹر آندھراپردیش نے دعوی کیا کہ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی اور وائی ایس آر کانگریس مودی محاذ کے حامی ہیں ۔ اس لئے ان پارٹیوں نے کولکتہ ریالیوں میں حصہ نہیں لیا ۔ اب ملک میں صرف دو محاذ پائے جاتے ہیں ۔ ایک محاذ موافق مودی اور دوسرا محاذ مخالف مودی ہے ۔ ترنمول کانگریس کی جانب سے کولکتہ میں ریالی نکالی گئی جس میں ٹی آر ایس اور وائی ایس آر سی نے شرکت نہیں کی ۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ان دونوں پارٹیوں کا موقف کیا ہے ۔ تلگودیشم بانی این ٹی آر کو خراج پیش کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی کیڈر پر زور دیا کہ وہ خود کو سماجی خدمات کیلئے دوبارہ وقف کردیں ۔ عوام کو غربت سے باہر نکالنے میں کامیابی ہی این ٹی آر کو سچا خراج ہوگا ۔ کیونکہ این ٹی آر نے ہمیشہ سماج سے غریبی کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کی اور سماج میں پائی جانے والی معاشی خرابیوں کو دور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات کیلئے اور صرف 100 دن باقی رہ گئے ہیں ۔ ان انتخابات میں پارٹی کو کامیاب بنانے کیلئے تلگودیشم ورکرز کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تلگودیشم قومی سیاست میں بھی اہم رول ادا کرسکیں ۔ ہم تمام کو ایک ٹیم کے جذبہ کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کے بعد ہی ریاست کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں ۔