ملک میں کورونا جانچ کیلئے لیباریٹریز کی تعداد 1631 ہوئی

   

نئی دہلی: ملک بھر میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کی جانچ کرنے والی لیباریٹریوں کی تعداد بڑھ کر 1631 ہوگئی ہے ۔انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی طرف سے جمعہ کے روز جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کی جانچ کرنے والی لیباریٹریوں کی فہرست میں آٹھ نئي لیبارٹریوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ فی الحال، آر ٹی پی سی آر پر مبنی ٹسٹ لیباریٹریوں کی تعداد 827 (سرکاری- 465 ، پرائیوٹ- 362) ہے جبکہ ٹرو نیٹ پر مبنی ٹیسٹ لیبارٹریوں کی تعداد 683(سرکاری: 526 ، پرائیویٹ: 157) اور سی بی این اے ٹی پر مبنی ٹسٹ لیبارٹریوں کی تعداد 121 (سرکاری: 34، پرائیویٹ: 87) ہے ۔ ان 1631 لیبارٹریوں میں 3 ستمبر کو 1169765نمونوں کی جانچ کی گئی۔ اس طرح سے ملک میں اب تک 46679145سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے ۔ یہ لگاتار دوسرا دن ہے جب ایک ہی دن میں ملک بھر میں ساڑھے گیارہ لاکھ سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی گئی ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 83341نئے معاملوں کی اطلاع ملی ہے ، جس سے اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 39 لاکھ سے بڑھ کر 3936747 ہوگئی ہے ۔ لیکن 3 ستمبر کو 66659متاثرہ مریضوں کے شفایاب ہونے اور 1096 مریضوں کے فوت ہوجانے سے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں 15586 کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس وقت ملک بھر میں 831124 کورونا متاثرین زیر علاج ہیں۔