اندرون 24گھنٹے 38 افراد فوت ، مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ باعث تشویش
نئی دہلی، 15 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19 )کے 1076 نئے کیسز درج کئے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی اور اس دوران اس کی وجہ سے مزید 38 افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 377 تک پہنچ گئی ہے ۔ ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں کورونا کے اب تک مجموعی 11439 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 76 غیر ملکی مریض شامل ہیں ۔ ابھی تک کورونا وائرس سے متاثر ہ 1306 افراد مکمل صحت یا ب ہو چکے ہیں ۔ وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری کئے گئے عدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔ کورونا سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر میں اب تک 2687 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 178 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 افراد ہلاک ہوئے اور 353 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔ بمبئی شہر میں ہی کورونا وائرس کے 183 نئے مریضوں کی اطلاع ہے ۔ اس طرح صرف ممبئی میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1936 ہوگئی ہے ۔ شہر میں اس مہلک وباء سے 113 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ 17مریضوں کو علاج کے بعد دواخانوں سے ڈسچارج کردیا گیا ۔ اس طرح صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 181ہوگئی ہے ۔ میونسپل کارپوریشن نے بتایا کہ آج مختلف دواخانوں میں 261 مشتبہ افراد کو شریک کیا گیا ۔ متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 51 نئے کیسز درج کئے جانے کی وجہ سے اب تک مجموعی 1561 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس دوران دو مزید افراد کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 30 ہو گئی ہے ۔ اس کے بعد تمل ناڈو میں سب سے زیادہ 1204 افراد متاثر ہیں اور ریاست میں اب تک 12 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے ۔ گجرات میں ایک دن میں 111 افراد متاثر ہوئے ہیں جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 650 ہو گئی اور دو مزید افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 28 تک پہنچ گئی ہے ۔میگھالیہ میں کورونا وائرس سے ایک مریض فوت ہوگیا ۔ جس کے 6ارکان خاندان میںکورونا وائرس مثبت پایا گیا ۔ اُدھر کرناٹک کے چکابالاپور میں 69سالہ شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ۔ اس طرح کرناٹک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 11ہوگئی ہے ، وزیر صحت سری راملو نے یہ بات بتائی ۔25 مارچ کو پہلے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد سے ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کو کی تعداد میں 10300 اضافہ ہوا جب کہ 340 اموات ہوئی ہیں ۔