۔ 414 افراد فوت، ٹسٹنگ سرگرمیوں کو وسعت دینے حکومت کوشاں
نئی دہلی، 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ -19) کے 941 نئے کیسز درج کئے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 12 ہزار کے پارہوگئی اوراس دوران اس انفیکشن سے 37 مزید لوگوں کی موت ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 414 تک ہوگئی ہے ۔ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 12380 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 76 غیر ملکی مریض شامل ہیں۔ ابھی تک کورونا وائرس سے متاثر 1489 لوگ مکمل طور پر صحت مند ہو چکے ہیں۔وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیلتا جارہا ہے ۔ کورونا وائرس سے سب سے شدید طور سے دوچار مہاراشٹرمیں اب تک 2916 افراد متاثر ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں نو افراد کی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 187 ہو گئی ہے ۔ ریاست میں انفیکشن کے 229 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17 نئے کیسز درج کئے گئے اور اس دوران دو دیگر لوگوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 32 ہو گئی ہے ۔اس کے بعد تمل ناڈو میں 38 نئے متاثرین سامنے آئے ، اوراب متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1242 ہو گئی ہے اور ریاست میں اب تک 14 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔حکومت کی جانب سے کورونا کے مشتبہ مریضوں کی طبی جانچ اور ٹسٹنگ کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی بڑے پیمانہ پر کوششیں کی جارہی ہیں۔