ملک میں کورونا کے مزید 4مریضوں کی موت

   

نئی دہلی، 18 جون (یو این آئی) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں 353 کی کمی کے بعد موجودہ مریضوں کی کل تعداد گھٹ کر 6483 ہو گئی ہے ۔ ساتھ ہی اس عرصے میں مزید چار مریضوں کی موت ہوجانے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 113 ہو گئی۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 1173 مریض صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی اس وائرس سے شفایاب ہونے والوں کی کل تعداد 15945 تک پہنچ گئی ہے ۔واضح رہے کہ 22 مئی کو ملک میں صرف 257 ایکٹو کورونا کیسز تھے ۔مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبود کی طرف سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے متاثرہ چار مریضوں کی موت ہوئی ہے ۔ مہاراشٹر میں کورونا کے انفیکشن سے دو مریضوں کی موت کے ساتھ ہی وہاں اموات کی تعداد 31 تک پہنچ گئی ہے اور قومی دارالحکومت دہلی اور کیرالہ میں ایک- ایک مریض کی موت ہونے کے ساتھ ہی اموات کی تعداد بالترتیب 13 اور 36 تک پہنچ گئی ہے ۔ اس عرصے کے دوران 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافہ درج کیا گیا۔

کولکتہ میں ایک ہی خاندان کے 3افراد کی خودکشی
کولکتہ، 18 جون (یو این آئی)مغربی بنگال کے جنوبی کولکتہ کے قصبہ علاقے کے راجدنگا میں واقع ایک فلیٹ میں پولیس کو ایک بزرگ جوڑے اور ان کے معذور بیٹے کی لاشیں پھندے سے لٹکی ہوئی ملیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ خودکشی کا معاملہ لگتا ہے ۔ چہارشنبہ کے روز پولیس نے بتایا کہ منگل کی رات سرجیت بھٹاچاریہ (70)، ان کی اہلیہ گارگی بھٹاچاریہ (68) اور ان کے معذور بیٹے آیوشمان بھٹاچاریہ (38) کو پھندے سے لٹکا پایا گیا۔