ملک میں 12 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ: کشن ریڈی

   

منتخب امیدواروں کو احکام تقرر حوالے، وزیراعظم نے ورچول خطاب کیا
حیدرآباد۔13۔اپریل (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے قومی سطح پر مختلف محکمہ جات میں تقرر کردہ 71 ہزار امیدواروں کو ورچول تقریب میں تقررات کے احکام حوالے کئے۔ ملک کے 45 مقامات بشمول سکندرآباد میں یہ تقریب ہوئی ۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے سکندرآباد میں امیدواروں میں تقررات کے احکام حوالے کئے۔ روزگار میلہ اسکیم کے چوتھے مرحلہ کے تحت یہ تقریب منعقد کی گئی۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین ، ایڈیشنل جنرل منیجر آر دھننجنئلو، ڈیویژنل ریلوے منیجر سکندرآباد اے کے گپتا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ وزیراعظم نے ورچول تقریب سے خطاب میں عوام کو بیساکھی کی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے نئے تقرر کردہ امیدواروں اور ان کے افراد خاندان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بہتر مستقبل کی نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے میں سنجیدہ ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک بھر میں تیزی سے تقررات کئے جارہے ہیں۔ گزشتہ 9 برسوں میں مرکزی حکومت نے روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے اس موقع پر نئے تقرر کئے گئے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مرکزی حکومت 12 لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں ملک نے کئی شعبہ جات میں ترقی کی ہے۔ گزشتہ 9 برسوں میں انفرا اسٹرکچر ترقی پر توجہ مبذول کی گئی ۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے ریلویز میں 200 امیدواروں کا تقرر کیا ہے۔ ر