ملک و ملت کی ترقی میں جمیعت علماء کی خدمات ناقابل فراموش

   

کریمیہ مسجد میںمنعقدہ رکنیت سازی کے افتتاحی پروگرام سے مولانا فصیح الدین قاسمی کا خطاب
ورنگل ۔مولانا محمد فصیح الدین قاسمی ناظم مدرسہ عربیہ سراج العلوم ورنگل نے کہاکہ ملک و ملت کے تحفظ و ترقی میں جمیعت علماء کی خدمات نا قابل فراموش ہیں ۔جمیعت علماء ہند ملک کی قدیم دینی و ملی جماعت ہے ۔مولانا نے کریمیہ مسجد نرسم پیٹ روڈ ورنگل میں بعد ظہر جمیعت علماء کی رکنیت سازی کے افتتاحی پروگرام میں اپنے صدارتی خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔مولانا محمد عبدالعظیم قاسمی صدر جمیعت علماء ورنگل نے پروگرام کی کاروائی چلائی ۔مولانا فصیح الدین قاسمی نے اپنا خطبہ سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہاکہ آج ہم جس جماعت کے بینر تلے یہ اجلاس کرہے ہیں اس جماعت ( جمیعت علماء ہند ) نے آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد ملک و ملت کی جو شاندار خدمات انجام دی ہیں وہ ہندوستان کی تاریخ کا زریں باب ہے ۔مسلمان اور علمائے کرام تو اس وقت سے انگریزوں سے برسر پیکار تھے جب غیروں میں جنگ آزادی کاشعور بھی پیدا نہیں ہوا تھا ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے موجودہ حالات سے مایوس ہونے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔مولانا محمد عبدالعظیم قاسمی صدر جمیعت علماء نے کہاکہ اکابرین جمیعت علماء کے خدمات قابل تحسین و مشعل راہ ہیں ۔انہوںنے کہاکہ جمیعت علماء ہند نے ملک و ملت کے لئے ان گنت خدمات انجام دی گئی ہیں ۔ نائب صدر مولانا محمد نصیر الدین حسامی نے کہاکہ جمیعت کے پلیٹ فارم سے عوام کو قریب کیا جائے ۔حافظ سید حیدر سمیع اللہ حسینی نے کہاکہ مساجد کے ذمہ دارن آئمہ و خطیب حضرات جمعیت علماء کی خدمات کو جمعہ کے موقع پر بیان کریں ۔حافظ محمد مجاہد علی صدر سٹی جمیعت علماء نے عوام الناس سے خواہش کی کہ وہ جمیعت علماء کے مختلف دینی ،تعلیمی ،تدریسی ،سماجی فلاحی شعبوں سے استفادہ کریں ۔مفتی محمد زکریا نے مختلف شعبہ جات سے وابستہ اصحاب کو جمیعت علماء ہند میں شامل ہونے کی اپیل کی ۔اس موقع پر علماء ،حفاظ اور معززین شہر کی کثیر تعداد موجود تھی ۔