اختتام سال تک کام مکمل کرنے کا نشانہ، مزید ٹرینوں کے توقف کی سہولت
حیدرآباد 17 اگست (سیاست نیوز) ملک پیٹ ریلوے اسٹیشن پر ری ڈیولپمنٹ کے کاموں کو تیزی کے ساتھ انجام دیا جارہا ہے اور ریلوے حکام نے بتایا کہ اس کام کو 2025 کے آخر تک مکمل کرکے استعمال میں لایا جائے گا۔ وزارت ریلوے کے امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے ’’نیا بھارت نیا اسٹیشن‘‘ اقدام کے ایک حصے کے طور پر 36.44 کروڑ روپئے کی تخمینہ لاگت سے یہ کام شروع کیا گیا ہے۔ اب تک تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہوچکے ہیں۔ ری ڈیولپ شدہ ملک پیٹ ریلوے اسٹیشن پر ریل کے مسافروں کے لئے جن سہولیات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ان میں ناپسندیدہ ڈھانچے کو ہٹانا، بہتر روشن فراہم کرنا، گردش کرنے کے لئے بہتر علاقہ، اپ گریڈ شدہ پارکنگ کی جگہ، دوستانہ انفراسٹرکچر، گرین انرجی کا استعمال کرتے ہوئے ماحول دوست عمارت وغیرہ شامل ہیں۔ ریلوے اسٹیشن کو جدید طرز تعمیر اور عالمی معیار کی سہولیات کے ساتھ تیار کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی طویل مدتی منصوبہ بندی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے شہر کے مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ یہ اسٹیشن جو پرانے شہر میں حکمت عملی کے لحاظ سے واقع ہے جو کاچیگوڑہ اور فلک نما اسٹیشن کے درمیان میں ہے اور یہ اسٹیشن ملک پیٹ، دلسکھ نگر، ونستھلی پورم کے آس پاس کے مسافروں کو خدمات فراہم کرتا ہے۔ ملک پیٹ اسٹیشن پر کاچیگوڑہ تا کرنول تنگبھدرا ایکسپریس اور کاچیگوڑہ سے گنٹور ایکسپریس ٹرین رکتی ہے اور جب اس اسٹیشن کا کام مکمل ہوجائے گا مزید ایکسپریس ٹرینوں کے رُکنے کا موقع ہوگا جس سے مسافروں کو مزید سہولیات حاصل ہوں گی۔ (ش)