حیدرآباد ۔ 14 جولائی (سیاست نیوز) ملک پیٹ میں واقع تاریخی محبوب منشن کا ایک حصہ آج منہدم ہوگیا۔ مقامی افراد نے اس کی تصاویر کو شیئر کیا ہے ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس تاریخی عمارت کی چھت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ اس کے گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، آیا بارش یا کسی اور وجہ سے یہ حصہ منہدم ہوا ہے۔ تاہم یہ حکومت کی غفلت و لاپرواہی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد کے چھٹے نظام محبوب علی بادشاہ کے دور میں تقریباً 119 سال قبل یہ عمارت تعمیر کی گئی تھی جو کبھی محبوب علی بادشاہ کی قیام گاہ تھی۔ 70 کی دہائی کے اواخر میں محبوب منشن کا تقریباً 200 ایکڑ رقبہ مقامی مارکٹ میں تبدیل ہوگیا تھا۔ یہ عمارت HMDA کی ہیریٹیج عمارتوں کی فہرست میں گریڈ 2B بلڈنگ کے طور پر شامل ہے۔ ریاستی حکومت نے اس کی حصار بندی کی لیکن اطراف کے علاقوں میں قبضے ہوتے رہے ہیں۔