کانگریس کے چھ ضمانتوں پر فوری عمل ہوگا
کانگریسی امیدوار شیخ اکبر کا ادخال پرچہ نامزدگی
حیدرآباد۔8۔نومبر۔(سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی ملک پیٹ سے کانگریسی امیدوار جناب شیخ اکبر نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی ترقی و خوشحالی کے علاوہ عوام کی خدمت کے مقصد کے ساتھ وہ میدان سیاست میں داخل ہوئے ہیں اور ملک پیٹ کی ترقی‘ امن و امان کی برقراری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کام کریں گے۔ جناب شیخ اکبر نے ایک وسیع ریالی کے ساتھ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچے اور پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے مختلف علاقوں میں ریالی کے انعقاد کے ذریعہ اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ جناب شیخ اکبر نے بتایا کہ وہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے عوام کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ میدان میں آئے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ملک پیٹ کے عوام اس حلقہ کو کسی کی اجارہ داری سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی جماعت کی 6 ضمانتوں کے علاوہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی ترقی کے علحدہ منصوبہ کے ساتھ میدان میں ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ وہ اللہ رب العزت کی بارگاہ میں شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ نے انہیں اپنے فضل سے عوام کے درمیان پہنچنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی طاقت کانگریس کو اقتدار حاصل کرنے سے روک سکتی ہے۔ شیخ اکبر نے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی مجموعی ترقی کے سلسلہ میں اپنے منصوبہ کا جلد اعلان کرنے اور اسے حلقہ کے عوام تک پہنچانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بنیادی کوشش حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے نوجوانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے علاوہ حلقہ میں رہنے والوں کے لئے صحت‘ تعلیم اور ذرائع معاش کو بہتر بنانے کی سہولت فراہم کرنا ترجیح ہوگی۔ انہوں نے نل ‘ لائٹ ‘ ڈرینیج کے مسائل کے حل کے متعلق کہا کہ یہ مسائل حل کرنا ان کا فریضہ ہے اور اس کے علاوہ علاقہ کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے وہ اپنے تجربہ کار ساتھیوں کی مدد لیتے ہوئے حکومت کو حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کو مثالی ترقی والے حلقہ میں تبدیل کرنے پر مجبور کریں گے ۔