ملک پیٹ گنج کے قریب دُرگا پوجا کے دوران کشیدگی

   

حیدرآباد۔/2 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں ملک پیٹ گنج کے قریب واقع پرمیلا تھائی علاقہ میں آج دو فرقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان جھڑپ ہوئی جس سے اس علاقہ میں کچھ دیر کیلئے کشیدگی پیدا ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ دُرگا پوجا کے موقع پر پنڈال میں پرساد تقسیم کیا جارہا تھا اس کیلئے راستہ روک دیا گیا۔ راہگیروں نے اعتراض کیا تو پرساد تقسیم کرنے والوں اور راہگیروں میں جھڑپ ہوگئی۔ پولیس نے مقام پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کرلیا۔ انسپکٹر چادر گھاٹ ، اے سی پی سلطان بازار اور نائیٹ ڈیوٹی کرنے والے عہدیداروں نے دونوں فرقوں کے افراد سے بات چیت کرکے معاملہ کو رفع دفع کیا تاہم دونوں فرقوں کے مشتبہ افراد کو تحویل میں لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا ہے۔ رات 10 بجے یہ واقعہ پیش آیا۔