ملک کا اقتصادی بحران مودی حکومت کی بد انتظامی کا نتیجہ

,

   

ہندوستان سست رفتار معیشت کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا بیان

نئی دہلی، یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ملک کی معیشت میں گراوٹ پر مودی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی معیشت میں آگے بڑھنے کی صلاحیت ہے ، لیکن مودی حکومت کی اقتصادی بدانتظامی کے سبب یہ آج کساد بازاری سے لڑ رہی ہے ۔ڈاکٹر سنگھ نے اتوار کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ ملک کااقتصادی بحران بدانتظامی کا شکار ہوا ہے ۔ حکومت کو کسی طرح کی سیاست کئے بغیر ملک کو اقتصادی بحران سے باہر نکالنے کی کوشش کرنی چاہئے ، کیونکہ ملک طویل اقتصادی بحران کو برداشت نہیں کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ترقی کی شرح 0.6 فیصد رہ گئی ہے ، جی ڈی پی کی شرح 15 ماہ کی کمترین سطح پر ہے ، کھپت کی شرح 18 ماہ کی کمترین سطح پر ہے ، سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ہے ، ٹیکس کی دہشت سے تاجربرادری پریشان ہے ، آٹو موبائل کے سیکٹر میں گزشتہ چند ماہ کے دوران ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ لوگوں کی نوکری جاچکی ہے ، دیہی معیشت ڈاؤنوڈول پوزیشن میں پہنچ گئی ہے اور کسانوں کی آمدنی کم ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت میں بہتری کے لئے یہ اشارے ٹھیک نہیں ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حال ہی میں حکومت نے ریزرو بینک سے اس کے ریزرو مد سے 7.6 لاکھ کروڑ روپے لئے ہیں، لیکن اس پیسے کا استعمال کس طرح سے کیا جانا ہے اس کے لئے حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ جی ڈی پی گزشتہ سہ ماہی میں پانچ فیصد تک پہنچ چکی ہے اور اقتصادی بحران مسلسل ایک تشویش بنتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت میں اس گراوٹ کی بڑی وجہ نوٹ بندي کا فیصلہ اور عجلت میں جی ایس ٹی کو نافذ کیا جانا ہے ۔واضح رہے کہ ہندوستان ان دنوں سنگین معاشی بحران کی سمت بڑھ رہا ہے اور کئی شعبہ جات بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ان کی شرح ترقی انتہائی کم ہوگئی ہے ۔ علاوہ ازیں ملک کی جملہ گھریلو پیداوار بھی گذشتہ سات سال میں سب سے کم ہو کر محض پانچ فیصد تک سمٹ کر رہ گئی ہے ۔
لفٹیننٹ جنرل نروانے فوج کے نئے نائب سربراہ مقرر
نئی دہلی،یکم ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) فوج کے مشرقی کمان کے سربراہ لفٹیننٹ جنرل منوج مکند نروانے اتوار کو فوج کے نائب سربراہ اور میجر جوائس گلیڈیز روچ فوجی نرسنگ سروس میں ایڈیشنل جنرل ڈائرکٹر مقررکیا گیاہے ۔ لفٹیننٹ جنرل نروانے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی اور انڈین ملیٹری اکیڈمی کے سابق طالب علم ہیں اور انھیں لفٹیننٹ جنرل دیوراج انبو کے 31 اگست کو سبکدوش ہونے کے بعد یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ وہ جون 1980 میں سکھ لائٹ انفینٹری ریجیمنٹ، ساتویں بٹالین میں کمیشن ہوئے تھے ۔