اقلیتی اقامتی اسکول کوہیر میں جشن آزادی تقریب، مختلف شخصیتوں کا خطاب
کوہیر۔ کوہیر منڈل مستقر میں واقع میناریٹی اقامتی اسکول و کالج برائے خواتین میں یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا بعد ازاں ملک کی آزادی میں علمائے اکرام اور مسلمانوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے شہدان وطن کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور طلباء نے علمی مظاہرے کرتے ہوئے اردو اور انگلش میں تقریر کرتے ہوئے حاضرین کو اپنی جانب توجہ مبذول کروائی ۔ اس موقع پر محمد عمر احمد سابق صدر ٹی آر ایس پارٹی کوہیر منڈل نے مخاطب کرتے ہوئے طلباء کے تعلیمی مظاہرے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ غریب گھرانہ کی مسلم لڑکی انگلش اور دوسری لڑکی اردو زبان میں تقریر کی ہے ۔ وہ قابل تعریف ہے کوہیر کے مشہور و معروف شخصیت جناب لطیف آرزو حال ہی میں انتقال ہوا ہے ۔ ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے نام سے بہترین تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو انعام اول اور دوم اپنی جانب سے دینے کا پیشکش کی ہے ۔ شیخ جاوید نمائندہ سرپنچ کوہیر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اقامتی اسکول کے طلباء کی تعلیمی حالت کافی بہتر ہے ۔ زیادہ سے زیادہ طلباء اقامتی اسکولوں اور کالجس میں داخلہ لیں یہاں پر معیاری تعلیم دی جارہی ہے ۔ شیخ جاوید نے مزید کہا کہ اقامتی اسکول و کالج کیلئے حکومت کی جانب سے 5 ایکر اراضی حضور باغ میں الاٹ کردی گئی جہاں پراسکول کیلئے ایک نئی عمارت تعمیر ہوگئی ۔ جس کیلئے 25 کروڑ روپئے منطور ہوچکے ہیں ۔ اس موقع پر محمد بشیر الدین ٹیچر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زیور تعلیم سے ہر بچے کو آراستہ کرنا ماں باپ کا اولین فریضہ ہے ۔ اس موقع پر محمد شاہد مسعود نمائندہ ایم پی ٹی سی ، محمد محسن علی ڈپٹی سرپنچ نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر محمد افتخار احمد صدر ٹی آر ایس پارٹی کوہیر ٹاون محمد یوسف پٹیل نائب صدر ٹی آر ایس پارٹی کوہیر منڈل کے علاوہ عالیہ فریدہ پرنسپل اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
