نئی دہلی ۔ 17ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ نے بھی اس احتجاج میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں پُرتشدد احتجاج ہوا جس کی تائید میں ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے طلبہ نے بھی احتجاج کیا تھا ۔ ایک سرکاری عہدیدار نے آج بتایا کہ جامعہ ملیہ اور علیگڑھ یونیورسٹیوں کو چھوڑ کر ملک کی 42 یونیورسٹیوں میں صورتحال پُرامن ہے اور شیڈول کے مطابق امتحانات منعقد ہورہے ہیں ۔ ملک میں 42 سنٹرل یونیورسٹیاں ہیں جن میں چند ہی ایسی یونیورسٹیاں ہیں جہاں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پُرامن احتجاج کیا گیا ۔ پُرتشدد واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات سے متعلق سوال پر عہدیدار نے بتایا کہ وزارت فروغ انسانی وسائل نے اس پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔