گاندھی بھون میں یوم آزادی تقریب، کسانوں کے قرض معاف کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جواہر لعل نہرو کے ویژن سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ جن کا ملک کی تحریک آزادی میں کوئی رول نہیں ہے وہ آج ملک پر حکمرانی کررہے ہیں اور کارپوریٹ طاقتیں ملک کو نقصان پہنچارہی ہیں۔ یوم آزادی کے موقع پر گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ہندوستان کی جمہوریت اور دستور یکسانیت کا درس دیتی ہے مگر سیاسی فائدہ کیلئے دستور کی روح کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ ملک کے اس نازک دور میں کانگریس کے قائد راہول گاندھی امید کی کرن بن کر اُبھرے ہیں، انہوں نے بھارت جوڑو اور نیائے یاترا کا اہتمام کرتے ہوئے عوام کے مسائل کو جاننے کی کوشش کی ہے اس کو کانگریس کے قومی منشور میں جگہ دی گئی۔ اقتدار حاصل نہ ہونے کے باوجود قائد اپوزیکشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں عوام کی آواز بن کر گونج رہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کے عوام راہول گاندھی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی وجہ سے علحدہ تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے۔ 10 سال تک تلنگانہ میں دستوری حقوق کو پامال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ریاست کے عوام نے بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے کانگریس پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور نوجوان قائد ریونت ریڈی کو چیف منسٹر بنایا ہے۔ دلت قائد ملوبٹی وکرامارک کو ڈپٹی چیف منسٹر بنایا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے 15 اگسٹ تک کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کو آج پورا کردیا گیا ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی طرف سے وہ چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کسانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں حکومت تشکیل دینے کے پہلے 100 دن میں 30 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئیں ۔ چیف منسٹر کے بیرونی ممالک کے دوروں سے تلنگانہ میں ہزاروں کروڑہا روپئے کی سرمایہ کاری ہورہی ہے جس سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔2