پٹنہ 22 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت بہار نے آج اسمبلی میں یقین دہانی کرائی کہ اگر ملک کی دوسری ریاستوںمیں مقامی باشندوں کے لئے تعلیمی اداروں میں داخلہ اور سرکاری نوکریوں میں ریزرویشن کا نظم ہوگا تو بہار میں بھی لوگوں کو اس کا فائدہ دینے پر غور ہو گا۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے وزیر ویجندر پرساد یادو نے آج اسمبلی میں راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کے بھولا یادو کے مختصر سوال کے جواب میں کہاکہ اگر ملک کی دوسری ریاستوںمیں مقامی باشندوں کیلئے نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں داخلہ میں ریزرویشن کا نظم ہوگا تو بہار میں بھی لوگوں کو اس کا فائدہ دینے پر غور کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اس سے متعلق دیگر ریاستوں سے معلومات حاصل کرے گی ۔ اس سے قبل مسٹر بھو لا یادو نے کہاکہ بہار کی پڑوسی ریاست مغربی بنگال ، جھارکھنڈ ، اتر پردیش ، اڑیسہ ، مدھیہ پردیش ، آندھر پردیش ، تلنگانہ اور تمل ناڈو سمیت کئی دیگر ریاستوںمیںمقامی لوگوںکیلئے تعلیمی اداروں میں داخلہ اور سرکاری نوکریوں میں 70 سے 90 فیصد تک کا ریزرویشن نافذ ہے ۔