ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے ، وزیراعظم سو رہے ہیں

,

   

Ferty9 Clinic

ہندوستان کے کروڑہا عوام بھیانک دور سے گزریں گے، سونامی کی یہ شروعات ہے،راہول گاندھی کاریمارک

نئی دہلی ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے مودی حکومت پر تنقید کی کہ ملک کی معیشت اور کورونا وائرس سے نمٹنے میں حکومت ناکام ہے۔ معیشت تباہ ہورہی ہے اور وزیراعظم نریندر مودی سورہے ہیں۔ ملک کی گاڑی چلانے والا ڈرائیور ہی ’’وہیل‘‘ پر سوجائے تو حادثہ ہونا یقینی ہے۔ ملک کی معیشت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ تو سونامی کی شروعات ہے ۔ ہندوستان میں لاکھوں کروڑوں عوام بدترین دور کا سامنا کریں گے ۔ وہ ایسی معاشی تباہی دیکھیں گے جو کہ انہوں نے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔ میں شروع سے یہ کہتا آرہا ہوں کہ کورونا وائرس نہایتی سنگین مسئلہ ہے ، حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ہندوستان کی طاقت اس کی معیشت ہے اور یہی معیشت کو وزیراعظم مودی تباہ کر رہے ہیں۔ مودی کے نظریات اور ان کی پالیسیاں تباہی کی طرف لے جارہی ہیں۔ مودی نے اب تک معیشت کے تعلق سے ایک لفظ بھی نہیں کہا ۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ نرملا سیتارمن جی کو معیشت کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہے اور وہ اس موضوع پر بولنے کی قابلیت رکھتی ہے لیکن وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ عوام کے سامنے معیشت کے بارے میں خلاصہ کریں ۔ افسوس اس بات کا ہے کہ وزیراعظم مودی ملک کی گاڑی چلاتے چلاتے اسٹرنگ پر سورہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس زیر قیادت منموہن سنگھ حکومت کے دس سالہ دور کا حوالہ دیا اور کہا کہ ان دس سال کے دوران ملک عالمی معاشی بحران کے باوجود مستحکم رہا ۔ مودی کے نوٹ بندی فیصلہ نے معاشی تباہی کی بنیاد رکھ دی تھی ، اب یہ سونامی بن کر آئے گی ۔ شیئر مارکٹ بری طرح نیچے گر چکا ہے ۔