ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز : حارث رؤف

   

کراچی ۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے نو منتخب کھلاڑی حارث روف نے کہا ہے کہ ملک کے لیے کھیلنا الگ ہے اور بی بی ایل میں کھیلنا الگ چیز ہے۔ فاسٹ بولر حارث روف نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے نئے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل چکا ہوں، اور انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیلنے کے لیے پْرامید ہوں، اپنی بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کروں گا۔ حارث کے بموجب کوشش کروں گا کہ سیریز کا بہترین بولر بنوں ، ٹیم کا ٹریک سوٹ پہننا ہرکھلاڑی کا خواب ہوتاہے، سینئر کھلاڑی سے رہنمائی لیتا رہوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کے ٹرائیلز کے بعد ٹیپ بال کرکٹ چھوڑ دی ، مجھ پرکوئی دباؤ نہیں، خود پر اعتماد ہے موقع سے فائدہ اٹھاوں گا۔ پاکستان کی طرف سے تینوں فارمیٹ میں کھیلناچاہتا ہوں، اب کوشش یہی ہے کہ تسلسل کے ساتھ کھیلوں اور طویل وقفہ کیلئے کھیلوں۔یاد رہے حارث رؤف نے آسٹریلیا میں منعقدہ بگ باش میں انتہائی غیرمعمولی مظاہرے کرتے ہوئے نہ صرف ٹوئنٹی 20 چمپئن شپ میں ہیٹ ٹرک لینے کے علاوہ مسلسل وکٹیں حاصل کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹروں کو متاثر کیا جس کی وجہ سے انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کیلئے ورلڈ کپ کے تناظر میں موقع دیا گیا ہے۔