ملک کے تئیںگاندھی خاندان کی خدمات قابل ستائش

   

ظہیرآباد میں راجیو گاندھی کی 29ویں برسی تقریب کا انعقاد

ظہیرآباد ۔ 22مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی کی 29ویں برسی کے موقع پر کانگریس پارٹی کی جانب سے پارٹی آفس میں ان کے پوٹریٹ پر گلہائے عقیدت نچھاور کرتے ہوئے ان کی جانب سے ملک کے تئیں کی گئی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا گیا ۔ اس موقع پر رکن پردیش کانگریس کمیٹی وائی نروتم نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یاد دلایا کہ آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی کا دور حکمرانی ناقابل فراموش رہا ہے ۔ ملک کو 21ویں صدی میں لے جانے کیلئے نظم و نسق میں کئی اہم تبدیلیاں لائی گئی تھی ۔ جدید ٹکنالوجی سے روشناس کرایا گیا تھا ۔ 18سال والوں کو رائے دہی کا حق دیا گیا تھا نیز پارٹی تبدیل کرنے والوں کے خلاف قانون سازی بھی کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ بی جے پی حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوگئی ہے اور اس کے دور حکمرانی میں ملک تباہی کی سمت تیزی سے گامزن ہورہا ہے ۔ اب جب کہ ملک کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے گزر رہا ہے، ان حالات میں مرکزی حکومت کی جانب سے 20لاکھ کروڑ روپئے کے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے ۔ جس میں عام آدمی کو درکنار مزدوروں کی فلاح و بہبود کا کوئی اشارہ نہیں ملتا ۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے خواہش کی کہ وہ آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی کے اصولوں پر چلتے ہوئے ملک کی سالمیت کو برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کریں ۔ اس موقع پر ناگ ششی ، سی وردھن ریڈی ، ملک ارجن ریڈی ، ہرش وردھن ریڈی ، راج شیکھر ، محمد ملتانی ، محمد نعیم ، محمد نصر اللہ خان ، محمد ماجد ، محمد نظام ، ببلو ، راملو اور دوسرے موجود تھے ۔