ملک کے دستور اور جمہوری روح کو نقصان پہنچانے بیک وقت انتخابات کی تجویز

   

سیتارام یچوری کو خراج، رویندرا بھارتی میں منعقدہ تعزیتی اجلاس سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔21 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ’’ون نیشن ون الیکشن‘‘ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یونین آف اسٹیٹس کی روح کونقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔ افسوس کی بات یہ ہیکہ ایسے جمہوریت مخالف فیصلوں کے خلاف لڑنے کیلئے ہمارے درمیان سیتارام یچوری نہیں رہے۔ سیتارام یچوری کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سی پی ایم کی جانب سے رویندرا بھارتی میں انعقاد کردہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ ریاستوں کے درمیان جو اتحاد ہے اس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا حصہ ہے۔ کانگریس پارٹی اس کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔ انڈیا اتحادی جماعتوں کے ساتھ اس کی ہر محاذ پر مخالفت کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ این ڈی اے مخالف جمہوری فیصلے کرتے ہوئے ملک کے دستور کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سیتارام یچوری ایک سیکولر قائد تھے جنہوں نے فرقہ پرستی، ذات پات کی سیاست کی ہمیشہ مخالفت کی ہے۔ غریب عوام اور مزدوروں کے مسائل کو حل کرانے میں اہم رول ادا کیا۔ وہ آخری سانس تک اپنے اصولوں پر قائم رہے۔ انہوں نے کبھی اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ یو پی اے حکومت کی پہلی میعاد میں کمیونسٹ جماعتیں حکومت کا حصہ تھی۔ مسائل کو حل کرانے میں اس وقت سیتارام یچوری نے اہم رول ادا کیا ہے۔ سیتارام یچوری اور سابق مرکزی جئے پال ریڈی کے درمیان گہری دوستی تھی۔ سیتارام یچوری تلنگانہ کے سپوت ہے جس پر ریاست کو فخر ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آخری سانس تک عوام کی خدمات انجام دینے والے سیتارام یچوری مرنے کے بعد بھی عوام کیلئے کارآمد ثابت ہونے والے عظیم شخصیت ہے۔
سیتارام یچوری جیسے قائدین صدیوں میں ایک پیدا ہوتے ہیں۔ حق معلومات قانون متعارف کرانے میں سیتارام یچوری کی خدمات ناقابل فراموش ہے۔ روزگار ضمانت اسکیم، غذائی اجناس جیسی اسکیمات کمیونسٹ جماعتوں کی ذہنی اختراع ہے۔ اس تعزیتی اجلاس میں سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم سی پی آئی کے قائدین بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر، ٹی جے ایس کے سربراہ و رکن قانون ساز کونسل پروفیسر کودنڈارام کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔2