نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں سے کھادی اور ہینڈلوم مصنوعات خریدنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وطنوں کے تعاون سے پہلی بار کھادی کا کاروبار 1.5 لاکھ کروڑ روپے کو عبور کر گیا ہے ۔ مودی نے ہریانہ کے روہتک ضلع میں ‘اُنّتی سیلف ہیلپ گروپ’ سے منسلک خواتین کی ہینڈلوم مصنوعات کی خاص طورپر تعریف کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ وہ انہیں خریدیں اور فروغ دیں۔وزیر اعظم نے اتوار کو اپنے ریڈیو پروگرام من کی بات میں کہاکہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کھادی گرام اُدیوگ کا کاروبار پہلی مرتبہ ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کرگیا ہے ۔ سوچئے ، ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے ! اور جانتے ہیں کھادی کی فروخت میں کتنا اضافہ ہوا ہے ؟400 فی صد ۔انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں بڑی تعداد میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیداہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صنعت سے سب سے زیادہ خواتین جڑی ہیں، اس لئے سب سے زیادہ فائدہ بھی انہیں کو ہوگا۔روہتک میں ہینڈلوم انڈسٹری سے وابستہ خواتین کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی محنت سے ان ڈھائی سو خواتین نے اپنی زندگی میں خوشحالی کے رنگ بھرے ہیں۔