ملک گیر سطح پر اوسط فیصد کی رائے دہی ، ناگالینڈ 78.76 فیصد کیساتھ سرفہرست

,

   

ممبئی 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں آج پہلے مرحلہ کی رائے دہی میں 55.78 فیصد رائے دہی ہوئی جبکہ پٹنہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک تخمینہ کے مطابق ہندی داں ریاست بہار کے پہلے مرحلہ کے انتخابات میں تمام 4 لوک سبھا حلقوں میں 53.06 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ جموں سے موصولہ اطلاع کے بموجب ای ایم وی مشینوں کی ناقص کارکردگی کی شکایات کے دوران سرحدی ریاست جموں و کشمیر میں 55 فیصد سے زیادہ رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر شیلندر کمار نے اِس کا انکشاف کیا۔ ناگالینڈ کی واحد لوک سبھا نشست کے لئے کوہیما سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک تخمینہ کے مطابق 78.76 فیصد رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ یہ عبوری نتائج ہیں اور قطعی نتائج کا اعلان جمعہ کے دن کیا جائے گا۔ چیف الیکٹورل آفیسر ابھیجیت سنہا نے ایک پریس کانفرنس میں اِس بات کا انکشاف کیا۔ میزورم میں 5 بجے شام تک رائے دہی کا فیصد آئیزول سے موصولہ اطلاع کے بموجب 61.29 فیصد رہا۔ جبکہ گوہاٹی سے موصولہ اطلاع کے بموجب آسام کی تمام لوک سبھا نشستوں پر کم از کم 68 فیصد رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ حالانکہ علیحدگی پسندوں نے سرحدی ریاست جموں و کشمیر میں لوگوں کو رائے دہی سے روکنے کی کوشش میں خلل اندازی کی بھرپور کوشش کی لیکن رائے دہندے اِس سے پست حوصلہ نہیں ہوئے۔