ملک گیر لاک ڈائون میں توسیع کیلئے ٹی آر ایس کی وزیراعظم کو تجویز

,

   

عوام کو نقصانات سے بچانے سخت اقدامات ضروری، نریندر مودی کی ٹیلی کانفرنس، کیشو رائو اور ناگیشور رائو نے حصہ لیا

حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کو تجویز پیش کی گئی کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے لاک ڈائون میں توسیع کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اپوزیشن کے فلور لیڈرس سے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بات چیت کی اور ان کی رائے حاصل کی۔ ٹی آر ایس پارٹی کے دونوں ایوانوں کے قائدین ڈاکٹر کے کیشو رائو اور ناما ناگیشور رائو نے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے لاک ڈائون میں توسیع کی بھرپور وکالت کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کو مزید سنگین ہونے سے بچانے کے لیے توسیع ضروری ہے۔ ٹی آر ایس پارلیمانی قائدین نے حیدرآباد سے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے دونوں قائدین کو ہدایت دی تھی کہ وہ پارٹی کی جانب سے لاک ڈائون میں توسیع کی سفارش کریں تاکہ سماجی فاصلہ برقرار رکھا جاسکے۔ ڈاکٹر کے کیشو رائو نے کہا کہ مرکزی حکومت تمام ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر ملک میں کورونا کے پھیلائو کو روکنے کی کوشش کررہی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر رائو 24 گھنٹے اس سنگین مسئلہ پر توجہ مرکوز کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ لاک ڈائون میں مزید توسیع دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کو مزید نقصانات سے بچانے کے لیے یہ موثر ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر توسیع نہیں کی گئی تو صورتحال بگڑنے کے امکانات ہیں۔ ملک میں وائرس کے متاثرین کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے۔ اگر ہم اس وائرس سے نجات پا لیں گے تو ملک کی ترقی اور دیگر امور پر توجہ دی جاسکتی ہے۔ ملک کی کمزور معاشی صورتحال سے ہر شخص واقف ہے لیکن انسانی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا۔ معاشی ترقی کے لیے بعد میں جدوجہد کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں لاک ڈائون پر سختی سے عمل آوری کے ذریعہ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔ حکومت نے غیر مقامی ورکرس کو شیلٹرس میں تمام سہولتوں کے ساتھ رکھا ہے۔ ہر غریب کو 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے ادا کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر کیشو رائو نے اناج کی سربراہی کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ حکومت کسانوں کی پیداواری اشیاء کی خریدی کا انتظام کیا گیا ہے۔ کیشو رائو نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کے ساتھ فراخدالانہ رویہ اختیار کرے اور فنڈس کی اجرائی عمل میں لائے۔ انہوں نے تلنگانہ کو مرکز سے مختلف شعبوں میں حصہ داری کے بقایا جات کی تفصیل بیان کی۔

لاک ڈاؤن میں مزید توسیع مرکز کے زیر غور
طبی ماہرین اور ریاستوں کی تجاویز موصول: جی کشن ریڈی
حیدرآباد۔/8 اپریل، ( این ایس ایس ) مرکزی مملکتی وزیر داخلی اُمور جی کشن ریڈی نے چہارشنبہ کو کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے نافذ 21 روزہ ملک گیر لاک ڈاؤن میں مزید توسیع دینے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر طبی ماہرین اور مختلف ریاستوں سے مرکز کو تجاویز موصول ہورہی ہیں۔ کشن ریڈی نے نئی دہلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران ملک کے عوام سے کہا کہ وہ دونوں ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کی سختی کے ساتھ پابندی کریں اور خود کو اپنے گھروں تک محدود رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تازہ ترکاری خریدنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے وہ ایک ہفتہ کی تمام ضروری اشیاء محفوظ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت ملک کے عوام کی فلاح و بہبود کو ذہن میں رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن پر عمل کررہی ہے۔ کشن ریڈی نے معائنہ کی کٹس کی قلت کی اطلاعات کو مسترد کردیا اورکہا کہ ملک میں خاطر خواہ تعداد میں کورونا وائرس ٹسٹنگ کٹس موجود ہیں اور چہارشنبہ کو 2 لاکھ کٹس موصول ہوئے ہیں۔ مرکز نے 6 سال کے دوران ایک روپیہ بھی فضول ضائع نہیں کیا۔