نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو ملیالم نیوز چینل “میڈیا ون” کو عبوری راحت دیتے ہوئے اس کے ٹیلی کاسٹ کے لیے ہری جھنڈی دے دی۔ جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی صدارت والی جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس وکرم ناتھ کی بنچ نے چینل کی نشریات پر روک سے متعلق مرکزی حکومت کے 31 جنوری 2022 کے حکم پر عبوری روک لگا دی۔ سپریم کورٹ نے مرکز کے فیصلے کو برقرار رکھنے کے کیرالہ ہائی کورٹ کے حکم پر عبوری روک لگاتے ہوئے چینل کو معمول کے مطابق نشریات جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ مرکزی حکومت نے 31 جنوری کو قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے ‘میڈیا ون’ کے لائسنس کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بنچ نے آج ‘میڈیا ون’ کو نشریات کی اجازت دینے کے ساتھ ہی مرکزی حکومت سے 26 مارچ تک جوابی حلف نامہ داخل کرنے کا حکم دیا۔