نئی دہلی، 26 نومبر (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو 26/11 کے ممبئی دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں گنوانے والے شہریوں اور فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا”26/11 کو ممبئی میں دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں گنوانے والے فوجیوں اور شہریوں کو دلی خراج عقیدت۔ ہندوستان ان کی ہمت، قربانی اور شہادت کو نہیں بھولے گا۔”مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی پر 17 سال قبل 26 نومبر 2008 کو پاکستان کی پشت پناہی والی دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کے 10 دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ چار دن تک جاری رہنے والے اس حملے میں 166 افراد ہلاک جب کہ 300 سے زائد زخمی ہوئے ۔ ممبئی میں لگژری ہوٹلوں، بڑے ریلوے اسٹیشنوں اور ایک یہودی ثقافتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گرد حملے کیلئے سمندری راستے سے آئے تھے ۔ وہ کئی گروہوں میں بٹ گئے اور گاڑیوں پر قبضہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے تاج محل پیلس، اوبرائے ہوٹل، چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس، نریمان ہاؤس، کاما ہسپتال، میٹرو سنیما اور لیوپولڈ کیفے سمیت کئی نمایاں مقامات کو نشانہ بنایا۔دہشت گرد قصاب کو 2010 میں موت کی سزا سنائی گئی تھی اور 2012 میں پونے کی جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔