ممبئی ۔20؍جولائی (ایجنسیز)مانکھرد، ممبئی میں، سہیل حسن خان نامی ایک 43 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔ اس شخص نے مبینہ طور پر 11سالہ بچے پر کتا چھوڑ دیا جو آٹو رکشہ میں کھیل رہا تھا،لڑکے کو پریشان دیکھ کر وہ ہنس رہا تھا جبکہ وہاں موجود دیگر دو افراد مداخلت کرکے بچے کو بچانے کے بجائے تماشہ دیکھ رہے تھے۔ کتے کے حملہ کے نتیجے میں لڑکے کی ٹھوڑی پر چوٹیں آئیں۔لڑکے کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق، بچہ جمعرات کی رات ایک آٹو رکشہ کے اندر کھیل رہا تھا کہ سہیل حسن خان نے مبینہ طور پر کتے کو لڑکے پرچھوڑ دیا۔ پولیس نے خان کے خلاف مقدمہ درج کرکے جمعہ کو گرفتار کرلیا تاہم بعد میں انہیں نوٹس دے کر رہا کر دیا گیا۔