ممبئی میں اب تھیٹرس ، شاپنگ مالس رات بھر کُھلے رہیں گے

   

مہاراشٹرا کابینہ میں تجویز کی منظوری ، روزگار کے وسیع تر مواقع
ممبئی ۔22 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹر کابینہ نے آج یہاں عروس البلاد ممبئی کے شاپنگ مال ، تھیٹر اور دوکانوں کو رات بھر کھلے رہنے کی اجازت دینے والی تجویز کو منظور کر لیا ہے ۔یہ اطلاع آج یہاں وزیرسیاحت آدتیہ ٹھاکرے نے دی جو وزیر اعلی اُدھو ٹھاکرے کے فرزند ہیں اور ریاستی کابینہ میں کابینی درجہ کے وزیر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے ممبئی میں سیاحت میں اضافہ ہو گا ساتھ ہی ساتھ آمدنی کے ذرائع میں اضافہ ہونے کے علاوہ پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کو روزگار مہیا ہو گا ۔حکومت کے اس فیصلے سے دوکانیں ، مال اور کھانے پینے کی ہوٹلوں کو رات بھر کھلا رہنا ضروری نہیں ہے البتہ جو مالکان یہ محسوس کرتے ہوں کہ رات میں ان کی تجارت میں اضافہ ہو گا وہ اپنی دوکانیں اور ادارے کھلے رکھ سکتے ہیں ۔ آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تھیٹر ، مال اور مل کمپاونڈ میں واقع صرف ایسے اداروں کو کھلے رہنے کی اجازت ہو گی جو غیر رہائشی علاقہ میں واقع ہیں ۔وزیر سیاحت نے مزید کہا کہ باندرا کرلا کمپلیکس، نریمان پوائنٹ جیسے سیاحتی مقامات میں کھانے پینے کے کئی ایک ٹرک لگانے کی اجازت دی جائے گی اور ان کیلئے علاحدہ انتظامات کیئے جائیں گے نیز شب میں فوڈ انسپکٹر کو ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا جو ان ٹرک پر اور ان کی جانب سے فروخت کی جانے والی غذائی اشیا ٔ پر نظر رکھے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں جو قانون اور رہنمایانہ اصول مرتب کیئے گئے ہیں اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو تاحیات ایسے اداروں کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گے ۔