ممبئی، 24 جون ( یواین آئی) طویل انتظار، شدید گرمی، حبس اور پانی کی قلت کے خدشات کے بعد بالآخر جنوب مغربی مانسون نے ممبئی میں پوری شدت کے ساتھ دستک دے دی ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر اور مضافاتی علاقوں میں ہونے والی غیرمعمولی بارش نے ایک طرف شہریوں کو گرمی اور مرطوب موسم سے نجات دلائی تو دوسری جانب نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے ، ٹریفک کی سست روی، درخت گرنے اور بعض مقامات پر شہری بنیادی ڈھانچے کی کمزوری کو بھی نمایاں کر دیا۔ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق چہارشنبہ کی صبح آٹھ بجے ختم ہونے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران کولابا آبزرویٹری میں 248 ملی میٹر جب کہ سانتا کروز آبزرویٹری میں 225 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق مانسون کے موجودہ سیزن کے آغاز میں ہونے والی یہ شدید ترین بارش میں سے ایک ہے ۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ بعض علاقوں میں بارش کی شدت اس سے بھی کہیں زیادہ رہی۔ مالونی میں 340 ملی میٹر اور پریل میں 334 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ رام مندر، کولابا، سانتا کروز، سائن، وکھرولی، ودیا وہار، چیمبور، بائیکلہ، باندرہ اور جوہو ایئرپورٹ کے اطراف بھی انتہائی شدید بارش ہوئی۔