ممبئی میں مونوریل کا کوچ پٹری سے اترگیا

   

ممبئی، 5 نومبر (یو این آئی) جنوبی ممبئی کے وڈالا علاقے میں پیر کی صبح مونوریل کا ایک کوچ پٹری سے اتر کر جھک گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مونوریل ٹریک پر جانچ کا عمل جاری تھا اور کوچ میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔ مونوریل کنٹرول انچارج روہن سالونکھے نے بتایا کہ حادثہ ٹریک تبدیل کرنے کے دوران پیش آیا اور ابتدائی طور پر اسے تکنیکی خرابی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین میں کوئی بھی مسافر موجود نہیں تھا اور مونو ریل کے عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا لیا۔ قابل ذکر ہے کہ مونوریل سروسز تیز بارشوں کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد سے معطل تھیں، جب ایک ٹرین رک گئی تھی اور متعدد مسافر پھنس گئے تھے ۔ سسٹم کی مرمت و جانچ جاری تھی اور مذکورہ کوچ اسی سلسلے میں چلایا جا رہا تھا، جس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ دریں اثناء، ممبئی مضافاتی ضلع ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے حالیہ دنوں میں مونوریل اور میٹرو انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ جامع ہنگامی انتظامی منصوبے مرتب کر کے جمع کرائیں تاکہ تکنیکی خرابیوں، آپریشنل مسائل اور مسافروں کی سلامتی سے متعلق حالات سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے ۔

بی ایم سی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 9 بجے وڈالا-جی ٹی بی مونوریل اسٹیشن کے قریب پیش آیا، اور اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا اور حفاظتی اقدامات شروع کر دیے گئے ۔