ممبئی کی لوکل ٹرینیں دہشت گردوں کے نشانے پر !

   

پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ریلوے پولیس چوکس، ایکسپریس ٹرینوں کی سکیورٹی میں بھی اضافہ
ممبئی۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کی زندگی کہی جانے والی لوکل ٹرینیں اب دہشت گردوں کے نشانے پر ایک مرتبہ پھر آگئی ہیں۔ ٹرینوں پر دہشت گردانہ حملوں کا اشارہ بھی دہشت گردوں نے دیا ہے جس کے بعد تمام ملک کے بڑے اور اہم شہروں کے اسٹیشن پر سکیورٹی ایجنسیوں نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ نیز ریلوے اسٹیشنوں کا تحفظ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ پلوامہ دہشت گرد حملہ کے بعد ممبئی میں ایک مرتبہ پھر لشکر طیبہ طیبہ کے حافظ سعید نے سلسلہ وار بم دھماکوں کی دھمکی دی ہے۔ لشکر طیبہ کی دھمکی کے بعد انٹلیجنس ایجنسیوں نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ اس دھمکی کے پیش نطر ریلوے بورڈ منڈل کے سربراہ ونود کمار یادو نے ریلوے پولیس ریلوے سکیورٹی فورسیس اور اعلیٰ عہدیداروںکو سخت سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مشتبہ افراد کو حراست میں لینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی میل ایکسپریس اور طویل مسافتی ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر بھی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور تلاشی مہم بھی جاری ہے۔ ٹرینوں کی پٹری نکال کر ریلوے حادثہ کا بھی خطرہ لاحق ہے۔ اس کے علاوہ تخریبی کارروائی کا بھی خدشہ لاحق ہے۔ ریلوے پٹری پر پتھر یا دیگر رکاوٹ رکھ کر بھی بڑا حادثہ کرکے دہشت گرد نقصان پہنچا سکتے ہیں اس لئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا ہے جبکہ ریلوے میں رات میںِ پٹری پر سکیورٹی کے انتظامات نہیں رہتے جس کے سبب حادثہ ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔ اس سے قبل دہشت گردانہ حملوں کا اعتراف آئی ایس آئی کے فیصل مرزا نے بھی کیا تھا اسے اے ٹی ایس نے گرفتار کیا تھا۔ تین ماہ میں ریلوے کو نشانہ بنانے کا اشارہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ نے دیا ہے جس کے بعد دہلی کی جانب جانے والی میل ایکسپریس میں بم اسکواڈ کو تعینات کرکے تلاشی مہم بھی لی جارہی ہے۔