ممبئی 14جون (یو این آئی) ممبئی کے سابق سینئر پولیس انسپکٹر ستیش کدم، جو این آر آئی کوسٹل پولیس اسٹیشن سے تعلق رکھتے ہیں، بدعنوانی کے سنگین الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہیں ستمبر 2024 میں 3.5 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے پاس 3.48 کروڑ روپے مالیت کے غیر متناسب اثاثے موجود ہیں جو ان کی معلوم آمدنی سے تقریباً 297 فیصد زیادہ ہیں۔ ممبئی اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے ہفتہ کو ان کے خلاف کرپشن کی روک تھام ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔اے سی بی نے کدم کی رہائش گاہ، جو نئے ممبئی کے علاقے الوے میں واقع ہے ، سے بڑی رقم ضبط کی تھی، جس کے بعد بیورو کے ڈائریکٹر جنرل نے تفصیلی انکوائری کا حکم دیا تھا۔گرفتاری کے بعد کدم نے اے سی بی کی ورلی یونٹ میں چھ دن پولیس حراست میں گزارے ، اور پھر ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کرنے سے پہلے ایک ماہ سے زائد عدالتی حراست میں رہے ۔