ممبئی کے عارف کو 35 افراد کی جان بچانے پر اعزاز

   

ممبئی : گزشتہ دنوں ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا کے قریب نیل کمل نامی کشتی کے حادثے کے دوران اپنی جان پر کھیل کر 35 مسافروں کو بچانے والے عارف بامنے نامی مسلم نوجوان کو شیوسینا (یو بی ٹی) سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کل شب ماتوشری رہائشگاہ پر اعزاز سے نوازا اور ان کی کارکردگی کی ستائش بھی کی ، تقریب کے دوران، ٹھاکرے نے عارف کی حاضر دماغی ، دلیری اور قوت ارادی کو سراہا۔ اطلاعات کے مطابق، اس تقریب میں شیو سینا یو بی ٹی کے لیڈروں بشمول ایم پی اروند ساونت، ایم ایل اے ملند نارویکر، اور منوج جام سُتکر نے شرکت کی۔ معلوم ہو کہ کشتی سانحہ اس وقت پیش آیا جب گیٹ وے آف انڈیا سے ایلیفنٹا جانے والی نیل کمل کشتی سے بحریہ کی اسپیڈ بوٹ ٹکرا گئی جہاں دونوں کشتیاں ڈوب گئیں ۔ حادثے میں 15 جانیں گئیں، جب کہ 100 افراد کو بچا لیا گیا۔ عارف بامنے ، جو جائے حادثے سے قریب پوروا کشتی پر بوٹ ماسٹر کے طور پر کام کرتے ہیں، بحران کے دوران ایک محافظ کے طور پر ابھرے ۔ حادثہ کے وقت ان کی کشتی قریب ہی تھی۔ عارف نے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے سمندر میں چھلانگ لگا دی اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کم از کم 35 مسافروں کو بچانے میں کامیاب ہوگئے۔
مدد کے لیے پائلٹ بوٹ کا استعمال کرتے ہوئے ، انہوں نے بچائے گئے مسافروں کو بحفاظت واسودیو فیری میں منتقل کیا۔ اس قابل ذکر ریسکیو کے عمل میں، عارف نے ایک بے ہوش ساڑھے تین سالہ بچے کو بھی بچایا۔ان کی اس بے مثال بہادری اور اس کے ساتھی عملے کے ارکان کفایت ملا، تاپس کار، اور نندو جانا – کو ادھو ٹھاکرے کی پارٹی نے مبارکباد دی۔ انہیں انسانی جانوں کو بچانے کے جرات مندانہ کوششوں کے اعتراف میں نقد انعامات سے نوازا گیا۔