ممبئی : ممبئی کا مدرسہ جامعہ اشرفیہ قادریہ واقع گرانٹ روڈ ممبئی اسلامی تعلیم کی فراہمی کے علاوہ ایک بڑا کام انجام دینے جارہا ہے۔ جامعہ اشرفیہ قادریہ نے اس سال ریاست کے 200 مسلم نوجوانوں کو مفت میں پولیس کانسٹیبل بھرتی کی ٹریننگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مدرسے کی جانب سے پولیس ٹریننگ کی کوچنگ کیلئے پروسیس شروع ہوچکا ہے اور ابھی تک تقریباََ 1300 بچوں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ ان میں سے 200 نوجوانوں کا سلیکشن عمل میں آئیگا۔ جامعہ اشرفیہ قادریہ کے روح رواں مولانا معین الدین اشرف نے کہا کہ 200 پری امتحان کوچنگ میں منتخب ہونے والے نوجوانوں کیلئے جامعہ مدرسہ قادریہ میں مع طعام و قیام کا انتظام کیا جائیگا۔واضح رہے کہ حکومت مہاراشٹر کی جانب سے ریاست کے 36 اضلاع میں اقلیتی طلبہ و طالبات کیلئے پری ریکروٹمنٹ ٹریننگ کے نام پر تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ مدرسہ قادریہ نے 200 نوجوانوں کو غیر سرکاری سطح پر ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پولیس فورس میں اقلیتی طبقے کی نمائندگی کو موثر بنایا جائے۔ ممبا دیوی حلقہ ء انتخاب سے کانگریس رکن اسمبلی امین پٹیل بھی مدرسہ قادریہ کی اس پہل میں شامل ہیں۔امین پٹیل نے نیوز18 اردو کو بتایا کہ مدرسہ قادریہ پرائیویٹ کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کی مدد لیگا اور نوجوانوں کو پولیس بھرتی کیلئے تیار کرے گا ۔