ممبئی، 6 جولائی (آئی اے این ایس) شدید بارش اور خراب موسمی حالات کے پیش نظر ممبئی یونیورسٹی نے پیر (6 جولائی) کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں، جبکہ طلبہ کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے نئی تاریخوں کا اعلان جلد یونیورسٹی کی سرکاری ویب سائٹ پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یونیورسٹی کے مطابق پیر کو ایل ایل ایم، ایم ایس سی اور ایم کام کے امتحانات منعقد ہونے تھے، تاہم موسمی صورتحال کے باعث انہیں مؤخر کر دیا گیا۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ محکمہ موسمیات کی شدید بارش اور خراب موسم کے انتباہ کے پیش نظر طلبہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے 6 جولائی 2026 کے تمام امتحانات منسوخ کیے جاتے ہیں۔ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد سرکاری ویب سائٹ پر کیا جائے گا، لہٰذا طلبہ باقاعدگی سے ویب سائٹ دیکھتے رہیں۔مسلسل چھٹے روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث ممبئی اور تھانے کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں بھی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب، ملازمین کی حفاظت کے پیش نظر ممبئی کی مشہور ڈبہ والا سروس بھی پیر کے روز مکمل طور پر معطل رہی۔ ڈبہ والا ایسوسی ایشن کے صدر اْلہاس مْکے نے بتایا کہ ویرار اور وسئی علاقوں میں غیر معمولی بارش اور ریلوے پٹریوں پر پانی بھر جانے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔