نئی دہلی ۔ سینئر بی جے پی لیڈر پرکاش جاوڈیکر نے آج کہا کہ ترنمول کانگریس سربراہ ممتابنرجی کی جانب سے غیر بی جے پی قائدین کو مکتوب تحریر کرنا ان کی مایوسی کا ثبوت ہے ۔ انہیں یہ معلوم ہوچکا ہے کہ وہ نہ صرف نندی گرام سے انتخابات میں شکست کھا رہی ہیں بلکہ ان کی پارٹی کو بھی مغربی بنگال میں اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑیگا ۔ ممتابنرجی نے غیر کانگریسی قائدین کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب ملک میں جمہوریت اور دستور پر حملے ہو رہے ہیں اور وقت آگیا ہے کہ اپوزیشن قائدین متحد ہوجائیں۔ جاوڈیکر نے اس تعلق سے کہا کہ اس مکتوب سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممتابنرجی مایوس ہوچکی ہیں۔ انہیں سمجھ آگیا ہے کہ نہ صرف وہ نندی گرام سے شکست کھانے والی ہیں بلکہ ترنمول کانگریس کو بنگال میں اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے ۔