قابل افسروں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ گورنر مغربی بنگال کی چیف منسٹر پر تنقید
کولکاتا : وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور گورنر کے درمیان جاری لفظی جنگ کے درمیان ایک بار پھر مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر نے کھلے عام ممتا حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت قابل افسروں کو نظر انداز کررہی ہے ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حکومت کے لوگ ماؤنوازوں کو فروغ دے رہے ہیں۔گورنر نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران اپنی قابلیت کی بنیاد پر اپنی بناتے ہیں اور وہ حکمرانی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ مغربی بنگال میں ایسے بہت سارے قابل افسر موجود ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ان سب کو نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ جو افسران سیاسی پیادے بننے کے لئے تیار ہیں، وہ آگے ہیں اور مشیروں کا رعب برداشت کرتے ہیں۔جگدیپ دھنکر نے افسران سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ اب وقت آگیا ہے جب آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کو اس بیماری پر دھیان دینا چاہئے ۔ اس کی وجہ سے سیاسی غیرجانبداری ختم ہوجاتی ہے ، قانون اور آئین کی حکمرانی بھی برقرار نہیں رہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں ‘پولیس اسٹیٹ’ گورننس کا اطلاق لامحدود غیر آئینی طریقے سے کیا جاتا ہے اور جمہوری ڈھانچہ تباہ ہوجاتا ہے ۔ گورنر نے اس ٹوئیٹ کو ممتا بنرجی کو بھی ٹیگ کیا ہے ۔انہوں نے اس پر بس نہیں کیا بلکہ آگے لکھا ہے کہ افسوس،خوف ذہن میں بیٹھا ہے اور شرم سے سر جھک گیا۔ ممتا بنرجی کو ٹیگ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ امن و امان ہے ، انسانی حقوق کی صورتحال ہے یا سیاسی انتقام ہے ۔حکومت میں بیٹھے لوگوں کی مدد سے ماؤنوازوں کو فروغ دیاجارہا ہے ، غیرقانونی طور پر بم کی صنعت ترقی کر رہی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوامی ویویکانند مشہور قول بھی نقل کیا ہے کہ ویویکانند کو یاد رکھنا چاہئے کہ جاگو اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے ۔ خیا ل رہے کہ 2019جولائی میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی گورنر اور ممتا بنرجی کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔گورنر بر سر عام ممتا حکومت کی تنقید کا کوئی موقع ضایع نہیں کرتے ہیں جب کہ ترنمول کانگریس گورنر پر بی جے پی کا ایجنٹ ہونے کاالزام عاید کرتے ہیں۔