ممتا بنرجی ’دیدی گری‘ پر اُتر آئی ہیں

   

دیدی کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے، چیف منسٹر گجرات کا ریمارک
احمدآباد 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ کے کولکتہ میں منعقدہ روڈ شو کے دوران تشدد پر مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے گجرات کے چیف منسٹر وجئے روپانی نے جمعہ کو کہاکہ وہ (ممتا بنرجی) اپنا ذہنی توازن کھوچکی ہیں اور ’دیدی گری‘ (لڑائی جھگرے) میں ملوث ہوگئی ہیں۔ وجئے روپانی نے ودودرہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مغربی بنگال کے عوام ممتا اور ان کی پارٹی آل انڈیا ترنمول کانگریس کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ روپانی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’ایسا نظر آتا ہے کہ دیدی (ممتا) بالکلیہ طور پر اپنا ذہنی توازن کھوچکی ہیں اور ’دیدی گری‘ (لڑائی جھگڑا / دادا گری) میں ملوث ہوگئی ہیں‘۔ روپانی نے کہاکہ ’ہندوستان اور مغربی بنگال کے عوام اس قسم کا رویہ برداشت نہیں کریں گے۔ مغربی بنگال کے عوام انتخابات میں اُنھیں منہ توڑ جواب دیں گے‘۔ لوک سبھا انتخابات کے لئے آخری مرحلہ کی مہم کے دوران چہارشنبہ کو مغربی بنگال میں بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے کارکنوں کے درمیان گھمسان جھڑپیں ہوئی تھیں اور امیت شاہ کے روڈ شو کے دوران بھی تشدد پھوٹ پڑا تھا۔