ممتا بنرجی نے تیسری باروزارت اعلیٰ کا حلف لیا

,

   

ترجیحی بنیادوں پر کوروناوائرس سے لڑنے اور لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کا عزم

کولکاتا: ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی بنگال اسمبلی انتخابات میں شاندار جیت حاصل کرنے کے بعد آج راج بھون میں ایک سادہ تقریب میں گورنر جگدیپ دھنکر سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیا ۔کورونا بحران کی وجہ سے مہمانوں کی تعداد کو بہت ہی محدود کیا گیا تھا۔2مئی کو آئے نتائج میں ترنمول کانگریس نے 294میں سے 213سیٹوں پر ریکارڈ جیت حاصل کی تھی۔ممتا بنرجی نے حلف لینے کے بعد کہا ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر کورونا وائرس سے لڑنے اور ریاست میں امن و امان قائم کرنے کی کوشش کریں گی ۔انہوں نے کہاکہ بڑے پیمانے پر انتظامی امور میں تبدیلی کی جائے گی۔گزشتہ تین مہینے سے ریاست میں انتظامی امور الیکشن کمیشن کے ہاتھوں میں ہے اس لئے ہمیں اپنے طور پر تبدیلی کرنی ہوگی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ ریاست میں امن و امان قائم کرنے میں تعاون کریں گے ۔ممتا بنرجی نے کہاکہ اب وہ تشدد کوبرداشت نہیں کریں گی ،میں تمام سیاسی جماعتوں سے ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کرتی ہوں۔ بنگال تشدد اور جھڑپ کی حمایت نہیں کرتی ہے ۔گورنر جگدیپ دھنکر نے کہا کہ انتخابات کے بعد ریاست میں امن وامان کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے ۔ انہوں نے ممتا بنرجی کو ریاست میں انتخابات کے بعد کی صورتحال کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ چھوٹی بہن کی حیثیت سے ، میں توقع کروں گا کہ وزیر اعلی ممتا بنرجی ریاست میں انتخابات کے بعد ہونے والی جھڑپوں کو روکنے کیلئے ضروری اور فوری اقدامات کریں گی۔ بنگال میں انتخابات کے نتائج آنے کے بعد سے ہی تشدد کے واقعات ہورہے ہیں ۔اس لئے اس پر قابو پانے کی کوشش ہے ۔
ممتا بنرجی کو مودی کی مبارکباد
کولکاتا: ممتا بنرجی کی آج حلف برداری کے بعد وزیرا عظم نریندر مودی نے ٹوئیٹ کرکے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ مودی نے لکھا ہیکہ ’’میں ممتا دیدی کو وزارت اعلیٰ کا حلف لینے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔2مئی کو انتخابی نتائج آنے کے بعدممتا بنرجی کو ملک بھر سے مبارکباد دینے والوں میں سینئر سیاستدانوں شرد پوار، راہول گاندھی، شرد یادو، اکھلیش یادو، تیجسوی یادو اور لالو پرساد یادو شامل ہیں ۔

تشدد بی جے پی حلقوں میں ہورہا ہے
چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کہا کہ مابعد چناؤ تشدد ان علاقوں میں ہورہا ہے جہاں بی جے پی نے انتخابی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس طرح چیف منسٹر نے اہم نکتہ اٹھایا کہ جب تک اپوزیشن تعاون نہیں کرے گا امن و امان قائم نہیں ہوگا۔ تاہم انہوں نے عہد کیا کہ وہ فوری طور پر حالات کو قابو میں کریں گی ۔اب تک لا اینڈ آرڈر الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں تھا اس لئے اس میں بڑے پیمانے پر تبادلہ کردیا تھا۔ اب میں مضبوط ہاتھوں سے اس میں تبدیلی لائوں گی اور حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کروں گی۔ممتابنرجی نے گزشتہ روز بھی عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی تھی۔